حضرت سیّدنا امیر معاویہ
صحابیِّ رسول، کاتبِ وحی، خالُ المؤمنین و خلیفۃُ المسلمین حضرتِ سَیِّدُنا امیر ِمُعاوِیہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہ (جو کہ اوّل ملوکِ اسلام (پہلے سلطانِ اسلام) بھی ہیں) بعثتِ نبوی سے پانچ سال قبل پیدا ہوئے۔ (دلائل النبوۃللبیھقی،6/243، ملتقطاً۔ تاریخ ابن عساکر، 3/208۔ الاصابۃ، 6/120، بہارشریعت،1/258)آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ صحابی رسول حضرت ابوسفیان رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کے بیٹے اور اُمّ المومنین حضرتِ سَیِّدَتُنا اُمِّ حبیبہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَاکے بھائی ہیں۔آپ کی شان میں کئی احادیث مروی ہیں۔ حضور نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے آپ کے بارے میں یوں دعا فرمائی:اے اللہ! انہیں(امیر معاویہ کو) ہدایت دینے والا،ہدایت یافتہ بنا اور اِن کے ذریعے لوگوں کو ہدایت دے۔(ترمذی، 5/455، حدیث: 3868) آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ چالیس سال تک حکومتی مَنْصَب پر جلوہ اَفروز رہے
۔(فیضان امیر معاویہ، ص 103)جن میں 10سال امیر المومنین حضرتِ سَیِّدُنا فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ جیسے عادل و نَقَّاد خلیفہ کا سنہری دور بھی شامل ہے۔ حضرتِ سَیِّدُنا فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ فرمایا کرتے: تم قیصر و کِسریٰ اور ان کی عقل و دانائی کا تذکرہ کرتے ہو جبکہ معاویہ بن ابوسفیان رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ موجود ہیں۔(تاریخ طبری، 3/264) حضرت سَیِّدُناامیرمعاویہ رَضِیَ اللہُ عَنْہ کے زمانَۂ خلافت میں اِسلامی سلطنت خُراسان سے مغرب میں واقع افریقی شہروں اور قُبْرُص سے یَمَن تک پھیل چکی تھی۔ (فیضان امیر معاویہ، ص 110)
آپ کے چند انقلابی کارنامے پیش کئے جاتے ہیں: ♣اسلامی شہروں سازشوں کے ذریعے فتنہ پھیلانے والے خَوارِج کی سرکوبی فرمائی، یہاں تک کہ فتنہ مکمل طور پر ختم ہوگیا۔(فیضان امیر معاویہ، ص 128)♣آپ کے حکم سے تاریخ کی پہلی کتاب کتابُ المُلُوك وَ اَخبَارُ الْمَاضِین لکھی گئی۔(التراتیب الاداریہ، 2/322) ♣28ہجری میں اسلام کی سب سے پہلی بحری فوج کی قیادت فرمائی اور قُبْرُص کو فتح کیا۔(شرح ابن بطال ، 5/11، تحت الحدیث: 2924)
♣بحری جہاز بنانے کے لئے 49ہجری میں کارخانے قائم فرمائے اور ساحل پر ہی تمام کاریگروں کی رہائش وغیر ہ کا انتظام کردیا تاکہ بحری جہاز بنانے کے اہم کام میں خَلل واقع نہ ہو۔(فتوح البلدان،ص161) ♣مکتوبات پر مہر لگانے کا طریقہ رائج فرمایا جس کا سبب یہ بنا کہ آپ نے ایک شخص کیلئے بَیْتُ المال سے ایک لاکھ درہم دینے کا حکم تحریر فرمایا لیکن اس نے تَصَرُّف کرکے اسے ایک کے بجائے دو لاکھ کردیا،آپ کو جب اس خیانت کا عِلْم ہوا تو اُس کا مُحاسَبَہ فرمایا اور اس کے بعد خُطوط پر مہر لگانے کا نِظام نافِذ فرما دیا۔(تاریخ الخلفا، ص160)
♣سرکاری خُطوط کی نقل محفوظ رکھنے کا نظام بنایا۔(تاریخ یعقوبی، 2/145)♣سب سے پہلے کعبہ شریف میں منبر کی ترکیب بنائی۔ (تاریخ یعقوبی، 2/131) اور سب سے پہلے خانہ کعبہ پر دِیبا و حَرِیر (یعنی ریشم) کا قیمتی غلاف چڑھایا اور خدمت کے لیے مُتَعَدِّد غلام مُقَرَّر کیے۔(تاریخ یعقوبی، 2/150)♣ عوام کی خیرخواہی کیلئے شام اور روم کے درمیان میں واقع ایک مَرْعَش نامی غیر آباد علاقے میں فوجی چھاؤنی قائم فرمائی۔(فتوح البلدان، ص265) ♣اَنْطَرطُوس، مَرَقِیَّہ جیسے غیر آباد علاقے بھی دوبارہ آباد فرمائے۔(فتوح البلدان، ص182)
♣نئے آباد ہونے والے علاقوں میں جن جن چیزوں کی ضرورت تھی،اُن کا انتظام فرمایا مثلاً لوگوں کو پانی فراہم کرنے کے لئے نہری نظام قائم فرمایا۔(فتوح البلدان، ص499) ♣رعایاکی ضرورتوں کو پوراکرنے کے لئے محکمہ بنایا جس کے تحت ہر علاقے میں ایک ایک افسرمقررتھاتاکہ وہ لوگوں کی معمولی ضرورتیں خودپوری کرے اوربڑی ضرورتوں سے آپ رَضِیَ اللہُ عَنْہکو آگاہ کرے نیزان کوکسی بھی گھر میں آنے والے مہمان یا بچے کی ولادت کے بارے میں معلومات رکھنے کا حکم دیا تاکہ ان کے وظائف کی ترکیب بنا سکیں۔(البدایہ و النہایہ،8/ 134،مراٰۃ المناجیح،5/ 374 )
No comments:
Post a Comment